جنگ میں شامل ہوکر امریکا کو کامیابی نہیں ملی، دوبارہ جارحیت پر جواب دیں گے، خامنہ ای

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شامل ہوکر امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ امریکا جنگ میں اس لیے شامل ہوا، کیونکہ اسے لگا کہ اگر وہ جنگ میں شامل نہ ہوتا تو اسرائیل تباہ ہوجاتا، لیکن ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شامل ہوکر امریکا کو کوئی کامیابی نہیں ملی، امریکا نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، لیکن وہ کچھ زیادہ حاصل نہیں کرسکا، امریکی صدرٹر مپ شومین شپ چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا بڑے امریکی فوجی اڈوں تک رسائی حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، دوبارہ جارحیت ہوئی تو مستقبل میں بھی جواب دیں گے۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایک تقریر میں کہا ایران کو ہتھیار ڈالنے چاہئیں، ایران کے دشمن درحقیقت ہمارے ہتھیار ڈالنے کے خواہاں ہیں مگر ہم ہتھیار کبھی نہیں ڈالیں گے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ بلند بانگ دعووٰں کے باوجود ایرانی حملوں میں صیہونی ریاست پاش پاش ہوگئی، ایران کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو آگے بھی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست کے خلاف فتح پر ایرانی عوام کو مبارک باد دیتا ہوں، 9 کروڑ نفوس پر مشتمل قوم، متحد، ایک آواز اور شانہ بشانہ کھڑی ہوکر افواج کی حمایت میں پیش پیش رہی۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایرانی گارڈین کونسل (Guardian Council) نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ ایران کے تعاون کو معطل کرنے کے پارلیمانی بل کی توثیق کردی ہے۔

Ayot ullah KhameneiIran Israel WarIran Supreme LeaderUSA