ضرور ایک دن اچھے لیول کی کرکٹ کھیلوں گا، عمران نذیر

لاہور: کرکٹر عمران نذیر نے اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی۔
عمران نذیر نے اپنے ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دوبارہ کرکٹ کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ ہونا بہت ضروری ہے، میں اگر فٹنس لیول حاصل کرلوں تو اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیل سکتا ہوں، چونکہ میں بہت عرصہ کرکٹ سے باہر رہا ہوں اس لیے مجھے فٹنس کے لیے تھوڑا وقت لگے گا، میں سمجھتا ہوں اور مجھے یقین بھی ہے کہ اگر میں فٹنس اور کرکٹ اسکلز پر ایک دو ماہ کام کروں تو اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں دوبارہ صحت مند ہوا ہوں تو پھر مجھے اللہ کِھلا بھی سکتا ہے، میں ضرور ایک دن اچھے لیول کی کرکٹ کھیلوں گا، میری سلو پوائزننگ کی گئی اس کے لیے میں کسی کا نام نہیں لوں گا، بس ان کے لیے دعا کروں گا، میری ریکوری میں بہت ٹائم لگا، 7 سال بعد کرکٹ کے میدان میں آیا، یہ میری زندگی کا ایک ڈراؤنا خواب تھا جسے اب میں بھلا چکا ہوں۔
عمران نذیر کا کہنا تھا کہ زندگی اور صحت ملی ہے اس لیے اب دوبارہ کھیلنا شروع کردیا ہے، میں جاتے جاتے اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں کیونکہ کرکٹ میرا روزگار ہے، میں اپنے بچوں اور نوجوانوں کے لیے انسپائریشن بننا چاہتا ہوں کہ کبھی ہمت نہیں ہارنی چاہیے، ہمیشہ ڈٹے رہنا چاہیے جیسے کہ اب میں ڈٹ گیا ہوں کہ مجھے اچھے لیول کی کرکٹ کھیلنا ہے۔
خیال رہے کہ عمران نذیر 8 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔

cricketImran Nazirmedia talk