راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، اس موقع پر جیل کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔
اسلام آباد میں اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ جس کے بعد مشال یوسفزئی کے ہمراہ عدالتی عملہ بشریٰ بی بی کی رہائی کا روبکار لے کر اڈیالہ جیل پہنچا۔
انتظامیہ نے روبکار موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کی۔ بشریٰ بی بی جیل سے باہر نکل کر سفید رنگ کی لینڈ کروزر میں بیٹھ کر روانہ ہوگئیں۔
اس موقع پر اڈیالہ کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی اور پولیس کے تازہ دم دستے اڈیالہ جیل گیٹ 5 پر تعینات رہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ بشریٰ بی بی مجموعی طور پر 9 ماہ جیل میں رہیں۔ انہیں رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔
کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا اور انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا لیکن پھر کچھ عرصہ قید رہنے کے بعد بشریٰ بی بی نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کے نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں اڈیالہ جیل ہی منتقل کردیا جائے جس پر انہیں اڈیالہ منتقل کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی تھی جس کے بعد انہیں توشہ خانہ ٹو میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔