پشاور: مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وبا میں دینی مدارس بند نہیں کریں گے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے جامعہ زبیریہ پشاور کا دورہ کیا اور مدرسے کے طالب علموں سے ملاقات کی۔ قاری حنیف جالندھری نے اتحاد تنظیمات مدارس کے دیگر مرکزی قائدین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ زبیریہ پر حملہ تمام مدارس پر حملہ ہے اور یہ ایک ملی سانحہ ہے، وزیراعظم عمران خان کو خود یہاں آنا چاہیے تھا، حکومتی رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ہم اسلام کے پہرے دار ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ مدارس کو مضبوط کرے، دینی مدارس کے کردار کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، اس سانحے کے پس پردہ کرداروں کو گرفتار کیا جائے، بیرونی سازش کہنے کا حکومتی بیان ناکافی ہے اور اقدامات کی ضرورت ہے۔
قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت مدارس بند نہیں ہوں گے کیونکہ تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے میں وفاق المدارس سے مشاورت نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ 27 اکتوبر کی صبح آٹھ بجے کے قریب جامعہ زبیریہ میں مولانا رحیم اللہ حقانی مشکوٰۃ شریف کا درس دے رہے تھے کہ اس دوران وہاں بم دھماکس ہوگیا جس میں 9 طلبہ جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔