قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر کے لیے پہلی ترجیح محمد رضوان ہوں گے۔
ویڈیو کانفرنس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کو بطور وکٹ کیپر موقع دیں گے،وہ فٹ ہیں اور ہماری پہلی ترجیح ہوں گے۔
قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں نائب کپتان کے طور پر سابق کپتان سرفراز احمد سے کافی کچھ سیکھا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ سرفراز احمد کے تجربے پر کوئی شک نہیں ،ان کی موجودگی سے ڈریسنگ روم کے ماحول پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لڑکے فٹ ہیں ،اتنے عرصے گھر رہنے کے بعد دو دن پریکٹس کی ہے اچھا لگ رہا ہے ،سب کے مورال بلند ہیں۔ انگلینڈ کی کنڈیشنز بلے بازوں کے لیے سازگار ہیں اور ڈیوک گیند ہے جو بلے بازوں کو سوٹ کرتا ہے۔
قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انگلینڈ میں پرفارم کر کے دیگر ممالک میں بھی پرفارم کرنا آسان ہوتا ہے۔ چاہتا ہوں وزڈن بک میں میرا نام آئے۔
بابر اعظم نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ کھیل کا اچھا معیار رکھیں اور سیریز جیتیں ۔انفرادی کارکردگی اچھی لگتی ہے لیکن بطور کپتان ٹیم کی پرفارمنس اہمیت رکھتی ہے۔ہم نے پچھلی سیریز میں بھی اچھی پرفارمنس دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم بااعتماد ہیں اور لڑکوں میں جیت کی بھوک ہے۔انگلینڈ کے بالرز اور بلے بازوں کو فوکس کر رہے ہیں ۔بیٹنگ ،بالنگ اور فیلڈنگ سب پر پوری توجہ ہے ۔
قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عباس سےبہت امیدیں وابستہ ہیں۔ کورونا کی وجہ سے تیاری میں تھوڑی مشکل ہو رہی ہے۔ٹیم الگ الگ ہے ، گیند پر تھوک اور پسینہ نہیں لگا سکتے جو ذرا مشکل ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہم پریکٹس میچز سے سیکھیں گے۔ ویسٹ انڈیز کے میچز دیکھ کر بھی ہمیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق دونوں بیٹنگ کی ٹپس دیتے ہیں، ہم ان دونوں کے تجربے سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ تمام کوچز کے ہونے سے ٹیم پر مثبت اثر پڑ رہا ہے۔ ہم یونس خان کی بیٹنگ تکنیک سے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔
قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ خواہش ہے کہ ٹیسٹ میں انفرادی کارکردگی وہ ہو جس سے ٹیم جیتے۔ میں بس بطور کپتان اور بطور کھلاڑی انفرادی جیثیت سے ٹیم کو جتوانا چاہتا ہوں ۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ تماشائیوں کے نہ ہونے سے میدان سونے ہوں گے۔ ان سے سپورٹ ملتی تھی اس ٹور پر انہیں بہت مس کر رہے ہیں۔