راک ویلی: ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ثابت دھنیا (دھنیے کے بیج) کولیسٹرول ختم کرنے اور دل کے لیے مفید ثابت ہوئے ہیں۔
کولیسٹرول زیادہ ہونے کا مطلب خون میں چکنائی کی زیادتی ہونا ہے۔ اگر اس سے نہ نمٹا جائے تو یہ شریانوں کو بند کرتے ہوئے امراضِ قلب اور فالج کا سبب بن سکتا ہے۔
عموماً چکنائی سے بھرپورغذا، ناکافی ورزش اور زیادہ وزن اور تمباکو نوشی کی وجہ سے کولیسٹرول کی زیادتی ہوتی ہے۔ کسی شخص کو اس حالت کا سامنا جینیاتی طور پر بھی ہوسکتا ہے تاہم، متعدد مطالعات کے مطابق ایک جڑی بوٹی ایسی ہے جس میں صحت کو بہتر بنانے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔
تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ دھنیے کے بیج جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے ساتھ قلبی امراض کے خطرات کو بھی کم کرتے ہیں۔
بھارت کی شری رام چندرا یونیورسٹی کی ایک ٹیم کے تحقیقی مقالے میں بتایا گیا ہے کہ دھنیے کے بیج مضر کولیسٹرول اور چکنائی کو کم کرسکتے ہیں۔
مقالے میں بتایا گیا کہ تجربے میں جب جانوروں کو دھنیے کے بیج کھلائے گئے تو ان کے ٹشوز میں موجود کولیسٹرول اور چکنائی کی سطح میں واضح کمی آئی۔
مقالے میں یہ بھی بتایا گیا کہ جانوروں میں مضر کولیسٹرول میں کمی کے ساتھ مفید کولیسٹرول میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔
2009 میں ایتھنو فارماکولوجی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق دھنیے کے بیج فشار خون کو کم کرنے کے لیے بھی کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔ بلند فشار خون بھی دل کی صحت کے لیے مسائل پیدا کرسکتا ہے۔