اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ عسکری ادارہ برائے امراض قلب میں داخل ہیں، تاہم مریم اورنگزیب نے وزیر داخلہ کی خرابی صحت کی خبروں کو قیاس آرائی قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے رانا ثناء اللہ کی طبیعت خرابی کی خبروں اور اسپتال میں داخلے کو قیاس آرائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ معمول کے طبی معائنے کے لیے اے ایف آئی سی راولپنڈی گئے تھے۔ اُن کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں صداقت نہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 18 سال قبل 2004 میں رانا صاحب کی ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔ ہر دو تین سال بعد اس کا چیک اپ کروانا لازم ہوتا ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا عسکری ادارہ برائے امراض قلب (اے ایف آئی سی) راولپنڈی سے اپنے آڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میں بالکل خیریت سے ٹھیک ٹھاک ہوں، چھوٹے موٹے چیک اپ و پروسیجر کیلیے اسپتال آیا تھا، روبہ صحت ہوں ان شاء اللہ ایک آدھ دن میں آپ کے درمیان ہوں گا۔
رانا ثناء نے کہا کہ اسپتال میں رش کرنے کی ضرورت نہیں، اتوار تک گھر آجاؤں گا، میرے دوست اور چاہنے والے آپریشن تھیٹر میں میری تصویر دیکھ کر پریشان ہوئے ہیں، کافی عرصہ پہلے میری 2004 میں ہارٹ سرجری ہوچکی ہے، دو تین سال بعد چیک آپ اور پروسیجر ضروری ہوتا ہے۔