بشریٰ انصاری نے 14 اگست پر جھنڈے نہ خریدنے کا مشورہ کیوں دیا؟

کراچی: سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے جشن آزادی سے قبل اپنے چاہنے والوں کو بڑا مشورہ دے ڈالا۔
ملک کے 77ویں یومِ آزادی میں چند روز ہی باقی ہیں اور یکم اگست سے ملک بھر میں جگہ جگہ اسٹالز بھی لگ جائیں گے، جن پر جھنڈیاں، بیجز، سبز ہلالی پرچم سمیت جشنِ آزادی کی مناسبت سے دیگر اشیاء فروخت کی جائیں گی۔
جہاں پاکستانی عوام جشنِ آزادی کی تیاری شروع کریں گے تو وہیں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عوام کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔
بشریٰ انصاری نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ اس 14 اگست پر سبز ہلالی پرچم خریدنے کے بجائے پودے خریدیں اور پاکستان کو ہرا بھرا بنائیں۔
بشریٰ انصاری نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ یہ پیغام زیادہ سے زیادہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر پھیلائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں کے دوران پاکستان کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے، اب جون جولائی کے علاوہ دیگر مہینوں میں بھی ریکارڈ توڑ گرمی ہورہی ہے جس کی وجہ سے کئی نئی بیماریوں نے بھی جنم لے لیا ہے۔
مختلف رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ جنگلات کی کمی ہے، شہری علاقوں میں درخت کم ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور اگر درخت نہیں لگائے گئے تو آنے والے برسوں میں گرمی کی شدت میں ہوشربا اضافہ ہوسکتا ہے۔

14 AugustActressBushra AnsariNot to Buy Flags