جینیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خوش خبری سنائی ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین جلد دستیاب ہوگی۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی سائنسدانوں کی ٹیم کی سربراہ سومیا سوامناتھن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ رواں سال کورونا سے بچاؤ کی ویکیسن کی دو ارب خوراکیں دستیاب ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں بنائی جانے والی 10 سے زائد ویکسین کے انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں، آئندہ چند ماہ میں یہ ویکسین عام استعمال کے لیے دستیاب ہوگی۔سومیا سوامناتھن نے مزید بتایا کہ سال 2021 کے اختتام تک ویکسین کی خوراکوں کی تعداد کو بڑھا کر چارارب تک پہنچایا جائے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ ’ڈبلیو ایچ او نے ویکسین کی تقسیم کے حوالے سے پالیسی تشکیل دینا شروع کردی، جس میں طبی عملے، عمرہ رسیدہ افراد اور متاثرہ ممالک کو ترجیح دی جائے گی ۔سومیا سوامناتھن کا کہنا تھا کہ ’ڈبلیو ایچ او نے حکمت عملی مرتب کرلی ہے، ویکسین کی منظوری ملنے کے فورا بعد ہی اس کی ترسیل کا کام شروع کردیا جائے گا اُن کا کہنا تھا کہ ’میں ویکسین کی جلد تیاری کے حوالے سے پرعزم اور پرامید ہوں لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ ویکسین کی منظوری پیچیدہ مرحلہ ہے، ہم ابھی اس بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کہہ سکتے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک اچھی اور حوصلہ افزا بات ہے کہ ہمارے پاس بہت سارے پلیٹ فارمز اور ویکسین موجود ہیں، اگر ایک ویکسین کا تجربہ ناکام ہوتا ہے تو ہم دوسری اور پھر تیسری کو آزما سکتے ہیں۔