شکاگو: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ انٹرویو میں کملا ہیرس کی شناخت سے متعلق نسلی تعصب پر مبنی بیان دے ڈالا، جس پر وائٹ ہاؤس نے ردعمل دیتے ہوئے اسے توہین آمیز قرار دے دیا ہے۔
ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاہ فام صحافیوں کے شکاگو میں ہونے والے سب سے بڑے سالانہ اجتماع میں ایک متنازع انٹرویو کے دوران سوال اٹھایا کہ کیا ان کی ڈیمو کریٹک حریف کملا ہیرس سیاہ فام ہیں۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیشنل ایسوسی ایشن آف بلیک جرنلسٹ (این اے بی جے) کے کنونشن میں کملا ہیرس کے خلاف نسلی تعصب کے جملے کسے، انہوں نے کہا کہ کملا ہیرس اپنی سیاہ فام شناخت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہیں۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کملا ہیرس اچانک سیاہ فام کیسے ہوگئیں؟ وہ سیاہ فام ہیں یا پھر بھارتی؟
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ کملا ہیرس کے والد کا تعلق جمیکا سے ہے جب کہ ان کی والدہ بھارتی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر نے ٹرمپ کے بیان کو قابل نفرت اور توہین آمیز قرار دیا ہے۔