کراچی: محکمہ موسمیات نے 9 اپریل کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات ظاہر کردیے۔ یوں عیدالفطر 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوگی اور 9 اپریل کو چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 9 اپریل کو ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے جب کہ ملک کے شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہوسکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا بتانا ہے کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی اور غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد بھی سائنسی بنیاد پر رمضان کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کرچکے ہیں۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا تھا کہ پاکستان میں عیدالفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہوسکتی ہے۔