انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر نے کورونا وائرس کی شدت اور موجودگی کے حوالے سے بڑے خدشے کا اظہار کردیا۔ انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر کرس وائٹی کا کہنا تھا کہ اُنہیں خدشہ ہے کورونا وائرس کی شدت کم سے کم 2021 کے موسم بہار تک برقرار رہے گی اور وبا اپنے عروج پر ہوگی۔
اُنہوں نے یہ اندیشہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے آج لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے تناظر میں کیا۔ اُن کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا اقدام خطرے سے خالی نہیں ہے۔لاک ڈاؤن میں نرمی سے لوگوں کو یہ تاثر ملے گا کہ وہ معمول کی زندگی میں واپس آ سکتے ہیں تو وائرس کا پھیلاؤ بڑے پیمانے پر دوبارہ ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے اموات کی شرح خوفناک حد تک بڑھ سکتی ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر اور چیف سائنٹفک آفیسر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے نرمی کے اعلان اور سماجی فاصلے ایک میٹر کی دوری کا عوام خیال نہیں رکھ سکیں گے اور اگر ان بنیادی باتوں کا خیال نہیں رکھا گیا تو وبا تیزی سے پھیلے گی۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کی روک تھام اُسی صورت ممکن ہے اگر عوام منہ کو ڈھانپ کر گھروں سے نکلیں، ایک دوسرے سے زیادہ میل ملاپ سے گریز کریں اور اگر ایسا نہ ہوا تو نرمی کے نتائج بہت سنگین ہوں گے۔