نیویارک: میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک جدید سہولت متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت اب کالز کے دوران پس منظر کے شور کو کم کیا جاسکے گا۔
یہ وہ فیچر ہے جو عموماً مہنگے فونز یا جدید ڈیوائسز میں دستیاب ہوتا ہے، تاہم اب اسے براہِ راست ایپ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اس وقت نوائز کینسلیشن فیچر کی آزمائش کررہا ہے، جو وائس اور ویڈیو کالز دونوں کے دوران کام کرے گا۔ اس کا مقصد صارفین کو زیادہ واضح اور صاف آواز فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ایسی صورت حال میں جب اردگرد شور زیادہ ہو۔
یہ نیا فیچر فی الحال اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے، جہاں کال کے دوران پس منظر کی آوازیں خودکار طور پر فلٹر ہوجاتی ہیں۔ اس سے ٹریفک، ہجوم یا دیگر شور والی جگہوں پر بھی بات چیت آسان اور واضح ہوجائے گی۔
صارفین کو اس فیچر پر مکمل کنٹرول بھی دیا جائے گا، یعنی وہ کال کے دوران اپنی ضرورت کے مطابق اسے آن یا آف کرسکیں گے۔ یہ آپشن کال مینیو میں ’’ریز ہینڈ‘‘ اور ’’شیئر اسکرین‘‘ کے فیچرز کے نیچے موجود ہوگا جب کہ ابتدائی طور پر اسے بائی ڈیفالٹ فعال رکھا جائے گا۔
فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ اسے عام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا، تاہم توقع کی جارہی ہے کہ مستقبل قریب میں یہ سہولت وسیع پیمانے پر دستیاب ہوگی۔