نیویارک: مقبول و معروف میسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے بھارت میں 65 لاکھ واٹس ایپ اکاؤنٹس پر پابندی لگادی۔
واٹس ایپ نے ایڈوانس آئی ٹی 2021 کے تحت بھارت میں 65 لاکھ اکاؤنٹس کو بند کردیا ہے، یہ پابندی واٹس ایپ کو بھارتی صارفین کی جانب سے موصول شکایات کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹس میں سے 24 لاکھ اکاؤنٹس کو صارفین کی جانب سے موصول شکایت کے بغیر ہی بند کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ماہ مئی میں واٹس ایپ کو بھارتی صارفین کی جانب سے اکاؤنٹس بند کرنے سمیت 3912 شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 297 پر کارروائی کی گئی۔
خیال رہے کہ بھارت میں واٹس ایپ صارفین کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہے، اس لحاظ سے واٹس ایپ بھارت کی مقبول ترین میسیجنگ/ کالنگ ایپ ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین کے خدشات کو دور کرنے کی ایک شکایاتی کمیٹی (GAC) کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد سوشل میڈیا صارفین کے انٹرنیٹ پر شیئر کیے گئے مواد اور اس سے متعلقہ مسائل کو حل کرنا ہے، بھارتی حکام اس حوالے سے ماہانہ رپورٹ بھی شائع کرتے ہیں۔
دھیان رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے بھارت میں ایک ماہ کے دوران لاکھوں اکاؤنٹس پر پابندی کا یہ پہلا موقع نہیں، اس سے قبل اپریل میں بھی واٹس ایپ نے بھارت میں 74 لاکھ اکاؤنٹس بند کیے تھے۔