بابراعظم کو مشکلات سے نکلنے کیلئے وسیم اکرم نے کیا مشورہ دیا؟

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے مشکلات میں پھنسے بابراعظم کو خصوصی مشورہ دے دیا۔
پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر بابراعظم گزشتہ چند برسوں سے مشکلات کا شکار ہیں۔ وہ اس وقت قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے بھی باہر ہیں اور مسلسل تنقید کی زد میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر تنقید نے ان کی فارم پر بھی اثر ڈالا ہے اور ہر فارمیٹ میں ان پر کارکردگی دکھانے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم پاکستان کے سپر اسٹار ہیں اور دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں، بابراعظم کو پرسکون رہنا چاہیے، غیر ضروری طور پر میڈیا سے گریز کریں اور تنقید کو دل پر نہیں لینا چاہیے بلکہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ بابراعظم میں دنیا کا بہترین بلے باز بننے کی تمام خصوصیات موجود ہیں، چاہے وہ ٹیلنٹ ہو، ٹیمپرمنٹ یا مستقل مزاجی، فارم عارضی ہوتی ہے لیکن کلاس مستقل ہوتی ہے۔ بابراعظم سخت محنت جاری رکھیں گے تو ایک بار پھر دنیا کے ٹاپ بیٹرز میں شامل ہو جائیں گے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ بابراعظم بہت جلد اپنی بہترین فارم میں واپس آئیں گے بس انہیں میڈیا کے غیر ضروری دباؤ سے بچنا ہوگا۔

babar azamTipsWasim Akram