لاہور: ٹی وی کی معروف اینکر عائشہ جہانزیب اور اُن کے شوہر حارث علی کے درمیان راضی نامہ ہوگیا۔
عائشہ جہانزیب پر شوہر کی جانب سے تشدد کرنے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
عائشہ جہانزیب نے وکیل عاصم ممتاز کے ساتھ لاہور کی سیشن عدالت میں پیش ہوکر بیان قلم بند کروایا، جہاں دونوں میاں بیوی کے درمیان راضی نامہ ہوگیا۔
دورانِ سماعت عدالت نے عائشہ جہانزیب سے پوچھا کہ چہرہ دیکھ کر لگ رہا ہے یہ تو بہت ظلم ہوا ہے، کیا آپ اپنی مرضی سے آئی ہیں؟
عائشہ جہانزیب نے کہا کہ یہ جو بھی ہوا ہے بہت ظلم ہے، کسی عورت کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، لیکن جو بھی معززین نے فیصلہ کیا ہے میں اس کو مانتی ہوں۔
عائشہ نے کہا کہ میں کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی، گواہان کی موجودگی میں یہ فیصلہ ہوا ہے۔
عائشہ جہانزیب کا بیان سُننے کے بعد عدالت نے کہا کہ یہ ضمانت کی حد تک منظور کیا جارہا ہے، بریت کا فیصلہ چالان پر ہوگا۔
خیال رہے کہ کینٹ کچہری عدالت نے ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے جب کہ 10 جولائی کو عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کروایا تھا۔
مقدمے میں کہا گیا تھا کہ شوہر نے تین سے چار مرتبہ تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کیا اور کنپٹی پر پستول رکھ کر دھمکیاں دیں اور وقوعہ کے روز میرے ساتھ بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔