اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان میں موجودہ ایندھن ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اس دوران ایندھن بچت اقدامات پر عمل درآمد اور سادگی مہم پر پیش رفت پر انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کے لیے بھی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ادویہ کا وافر ذخیرہ موجود ہے، بڑی گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے سے جیٹ فیول کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا موجودہ حالات میں قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی سے شروع کیا، سرکاری اخراجات میں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فی الفور بند کیا۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کرکے بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف کیلئے بروئے کار لائی گئی، ڈیجیٹل نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کمزور اور متوسط طبقے کے لوگوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت اللہ کے فضل سے ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کررہا ہے۔