اسلام آباد: وزیراعظم نے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بم باری اور اس کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں وی اسٹینڈ ود غزہ (ہم غزہ کے ساتھ ہیں) اور وی اسٹینڈ ود فلسطین (ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں) کے ہیش ٹیگ کو استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کا وزیراعظم ہوں اور ہم فلسطین اور غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں معروف امریکی دانشور نوم چومسکی کا ایک مقولہ بھی شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے ایک فلسطینی کا موقف اس طرح بیان کیا ہے کہ ’تم میرا پانی لے لو، میرے زیتون کے درختوں کو تباہ کردو، میرا گھر جلا دو، مجھے نوکری سے نکال دو، میری زمین چوری کر لو، میرے والد کو قید میں ڈال دو اور میری والدہ کو قتل کر دو، میرے ملک پر بم باری کرو، ہمیں تباہ کردو لیکن یہ سب کرنے کے بعد بھی مجھے ہی مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے کہ میں نے راکٹ سے حملہ کیا۔ فلسطین کو آزاد کرو۔