مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہم نے عمران خان کوبھاگنے نہیں دینا، انکا احتساب ضرور ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازنے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ آج مہنگائی کی شرح 18 فیصد ہے۔ وزیراعظم کا بیان ہے کہ پاکستان میں مہنگائی سب سے کم ہے۔ بنی گالہ کے محل میں بیٹھ کر مہنگائی کو کم کہنا آسان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مشیر خزانہ نے کہاہے کہ مہنگائی بڑھے گی،یہ کس نئے پاکستان کی بات کررہے ہیں؟ان کو علم نہیں غریب کس حال میں ہیں۔ہر پاکستانی کی آواز ہے کہ انکی کرپشن کا حساب لینا ہے۔عوام تمہارا احتساب کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کی بات کرنے والوں کو خدا کا خوف نہیں ہے۔عمران نیازی ملک کا سب سے بڑا مافیا ہے۔آٹا چینی میں اربوں روپے کا غبن کریں اور ان مافیا کو ساتھ بٹھائیں۔چالان عمران نیازی کےخلاف کٹ چکا ہے۔ ہم نے عمران خان کوبھاگنے نہیں دینا عمران خان کا احتساب ہوگا ۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس تو اب ہوش میں آنے کا وقت بھی نہیں۔ ملک میں 4سال سے تماشہ چل رہا ہے۔ معصوم عوام کو نئے پاکستان کا جھانسہ دیاگیا۔ عمران خان نے لوگوں سے نوکریاں چھین لیں ،غلط بیانی کی ۔عمران خان نے لوگوں کےساتھ کھلواڑ کیا،ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچایا ۔جنہوں نے ان پر اعتبار کیا، اب وہ ان کو خود کوستے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جب فارن فنڈنگ کیس کھلے گا تو عمران خان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ وزیر اعظم کو گرین لائن منصوبے کا افتتاح کرنے سے پہلے اپنے پیاروں سے پوچھ لینا چاہیے تھا کہ منصوبہ کس کا تھا۔