خیبرپختون خوا، صحت عامہ کے لیے وزیراعظم کا انقلابی قدم!

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کے لیے پروگرام کا اجرا کردیا ہے۔
خیبر پختون خوا پہلا صوبہ ہے جہاں ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جارہا ہے۔ اس کارڈ کا حامل خاندان سرکاری اور نجی اسپتالوں میں دس لاکھ روپے تک مفت علاج کراسکے گا۔
اس وقت صوبے کی 40 فیصد آبادی صحت انصاف کارڈ سے استفادہ کررہی ہے۔ صحت انصاف کارڈ کو عوامی سطح پر بے حد پذیرائی ملنے کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ ہر خاندان اس سہولت سے استفادہ کرسکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ خیبر پختونخوا حکومت کا بہت بڑا قدم ہے۔ صوبے کے تمام گھرانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دینے پر محمود خان اور پرویز خٹک کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب باقی صوبوں میں بھی صحت انصاف کارڈ دینے کا پریشر ہوگا۔ سندھ کے عوام بھی یہ سہولت مانگیں گے جب کہ پنجاب میں بھی ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ دینے پر زور لگائیں گے۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بیماری کے علاج معالجے پر خاندان کا بھاری خرچ ہوتا ہے۔ غریب آدمی کی بیماری سے پورے گھر کا بجٹ متاثر ہوجاتا ہے۔ ہم محدود وسائل کے باوجود ہیلتھ کارڈ جاری کررہے ہیں۔ صوبے کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ امریکا میں ہیلتھ کارڈ پر بڑے گھپلے ہوئے تھے، ہمارے پاس تمام ڈیٹا موجود ہونا چاہیے۔

health cardKPKPM Imran Khan