وسیم اکرم کو سسرالی ملک میں پالتو بلی کی ہیئر کٹنگ مہنگی پڑگئی

میلبورن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سسرالی ملک آسٹریلیا میں جانوروں کے ہیئر سیلون کی جانب سے لوٹے جانے کا دلچسپ قصہ سناڈالا۔
وسیم اکرم ان دنوں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے لیے کمنٹری کررہے ہیں اور پاکستان کے سابق کپتان کی اہلیہ کا تعلق بھی آسٹریلیا سے ہی ہے۔
وسیم اکرم نے پاک آسٹریلیا میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آسٹریلیا میں رہائش پذیر اپنی اہلیہ کی پالتو بلی کے بالوں کی تراش خراش کے لیے ایک سیلون گئے، جہاں ان سے بلی کے بالوں کی کٹنگ کے ایک ہزار آسٹریلین ڈالر (ایک لاکھ 85 ہزار پاکستانی روپے) چارج کیے گئے۔
وسیم اکرم کے جملے پر ساتھی کمنٹیٹر بھی حیران ہوگئے اور پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا میچ چھوڑ کر ان کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے تفصیلات پوچھیں تو سابق فاسٹ بولر نے بتایا کہ اتنی رقم سے تو پاکستان میں 200 بلیوں کے بالوں کی تراش خراش اور دیکھ بھال ہوسکتی ہے، آسٹریلیا میں سروسز بہت مہنگی ہیں۔ ساتھی کمنٹیٹر نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ایک غیر ملکی کرکٹر کو آسٹریلیا میں جال میں پھنسالیا گیا، جس پر سابق پاکستانی فاسٹ بولر نے برجستہ کہا کہ مجھے لوٹ لیا گیا۔
اس موقع پر وسیم اکرم نے ساتھی کمنٹیٹر کو اپنے موبائل میں چارج کیے گئے 1000 آسٹریلین ڈالر کی رسید بھی دکھائی، جس کے مطابق سیلون نے 105 ڈالر بلی کے میڈیکل چیک اپ کے چارج کیے جب کہ 305 ڈالر بلی کے بالوں کی کٹنگ کے دوران اسے اینستھیزیا سے محفوظ رکھنے کے لیے کیے گئے۔
بلی کے بالوں کی کٹنگ کے 40 ڈالر چارج کیے گئے جب کہ بالوں کی کٹنگ کے بعد دیکھ بھال کے 120 ڈالر اور کارڈیو ٹیسٹ کی 251 آسٹریلین ڈالر فیس وصول کی گئی۔
وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ کی پالتو بلی کی تصویر بھی شیئر کی، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ مشہور ہیئر کٹ کا نتیجہ۔

AustraliaCostlyHair SaloonHaircutHeavy ChargePet CatsWasim Akram