نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا باعث شرمندگی ہے، وسیم اکرم

کراچی: سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شرمندگی کا باعث ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنا شرمندگی کا باعث بنا ہے، نیوزی لینڈ کورونا فری ملک ہے، پی سی بی کو نیوزی لینڈ روانگی سے پہلے تمام حفاظتی اقدامات کرنے چاہیے تھے، انہیں چاہیے تھا کہ کرکٹرز کو زیادہ وقت کے لیے پاکستان میں آئسولیشن میں رکھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹرز نیوزی لینڈ میں تنہائی کا شکار اور اذیت میں مبتلا ہیں، کھلاڑیوں کی ہمت ہے کہ وہ ڈھائی ہفتے سے ایک کمرے میں قید ہیں۔ ذہنی دباؤ کا شکار ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہوگی۔
سابق کپتان نے کہا کہ کراچی کی سمندری آلودگی کو اجاگر کرنا میرا ذاتی ایجنڈا نہیں، ساحل اور شہر کو گندگی سے پاک کرنا سیاست دانوں کی ذمے داری ہے، شہر قائد کا رہائشی ہونے کے ناتے اس کے مسائل سامنے لانا میری ذمے داری ہے۔

Covid 19 positivePak cricket teamTour of NewzealandWasim Akram