اسلام آباد: چین کے وزیراعظم لی چیانگ آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، 11 سال میں کسی بھی چینی وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ ہے، نورخان ایئربیس سے وہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، مسلح افواج نے سلامی پیش کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نورخان ایئربیس پر پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا بھرپور استقبال کیا، گل دستے پیش کیے گئے، توپوں کی سلامی دی گئی۔
بعدازاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، مسلح افواج کے دستوں نے مہمان کو گارڈ آف آنر دیا سلامی پیش کی۔ شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔
وزیراعظم عوامی جمہوریہ چین لی چیانگ کا پاکستان پہنچنے پر بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی 23 وی میٹنگ میں شرکت کرنے پر خوشی ہے، اس دورے کے ذریعے میں دونوں ممالک میں وسیع، گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں، پاکستان بھی اپنی اصلاحات اور ترقیاتی کاوشوں کے لیے پُرعزم ہے، پاکستان، چین کا ہر موسم میں ساتھ دینے والا آہنی دوست ہے۔