لاہور: سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔
بورڈ چیئرمین محسن نقوی نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے 52 سالہ سابق کپتان وقار یونس کو اپنا مشیر مقرر کیا ہے، آسٹریلیا میں رہائش پذیر وقار یونس نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی سے تفصیلی ملاقات کی تھی، ماضی میں پاکستان کرکٓٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے والے وقار یونس نے منگل کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
کرکٹ کمنٹیٹر اور قومی ٹیم کے سابق بولنگ کوچ وقار یونس پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے امور کی نگرانی کریں گے، ان میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ، قومی سلیکشن کمیٹی، کوچز کے معاملات اور کھیل کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے، دوسری جانب محسن نقوی بطور چیئرمین پی سی بی قومی کرکٹ کے انتظامی معاملات پر نظر رکھیں گے۔
بعض کرکٹ حلقوں نے وقار یونس کی تعیناتی کو پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے، واضح رہے کہ اپنے دور کے معروف فاسٹ بولر وقار یونس نے پاکستان کے لیے 87 ٹیسٹ میچز میں 373 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک اننگز میں 22 مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دیا، ٹیسٹ میچ میں 5 مرتبہ 10 وکٹیں اپنے نام کیں، اس طرز کی کرکٹ میں ان کی بہترین بولنگ 76 رنز کے عوض 7 وکٹیں ہیں۔
وقار یونس نے 262 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 416 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 13 مرتبہ اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کی ون ڈے میں بہترین بولنگ 36 رنز دے کر 7 وکٹیں ہے، وقار یونس کو پاکستان کے کم عمر ترین ٹیسٹ کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔