اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ای لنک کے ذریعے ضلعی عدالت میں پیشی کی ویڈیو منظرعام پر آ گئی۔
وزیر اعظم عمران خان 17 دسمبر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے پیش ہوئے تھے اور جج نے وزیر اعظم سے بیان حلفی اور دستخطوں کی تصدیق کروائی تھی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اوتھ کمشنر کی موجودگی میں بیان حلفی پر خود دستخط کیے۔
جج نے استفسار کیا کہ کیا آپ بیان حلفی میں لکھے ہوئے مندرجات سے بھی واقف ہیں؟ جس پر وزیر اعظم نے مؤقف اختیار کیا کہ جی بالکل میں نے خود اپنے وکیل کو بیان حلفی لکھوایا تھا اور بیان حلفی میں جو بھی معلومات دیں وہ سچ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیان کے ساتھ منسلک کاغذات کے بھی درست ہونے کی تصدیق کرتا ہوں۔
تصدیق مکمل ہونے کے بعد وزیر اعظم نے جج سے رخصت کی اجازت مانگی اور جج نے تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر وزیر اعظم کو جانے کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے کیونکہ خواجہ آصف نے شوکت خانم ٹرسٹ پر الزامات عائد کیے تھے۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی سوشل میڈیا پر وزیر اعظم کی پیشی کی ویڈیو شیئر کر دی۔