ڈاکٹر کی تجویز کے بغیر دوائوں کا استعمال، خطرناک رجحان

ڈاکٹر ارباح الیاس

ہمارے معاشرے میں لوگ اپنے ہاتھوں سے خود اپنی صحت کو بے پناہ نقصانات سے دوچار کررہے ہیں۔ کسی کو کہیں درد ہو، بخار ہو یا کچھ اور طبی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ازخود ادویہ کا استعمال کرکے اپنا مرض ٹھیک کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس درد یا تکلیف کو دُور کرنے کے لیے بے دریغ دوائیاں لی جاتی ہیں۔ یہ امر تشویش ناک ہونے کے ساتھ انسانی صحت کو بے پناہ نقصانات کا شکار کرنے کا باعث ہے۔
ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر دوائیں خاص طور پر اینٹی بایوٹکس اور پین کلرز کا اوور دی کاؤنٹر استعمال، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک جیسے پاکستان میں، بہت عام ہے۔
آگاہی کی کمی اور غربت کی وجہ سے لوگ اکثر بغیر کسی ماہر کے مشورے کے دوائیاں استعمال کرتے ہیں۔ اینلجیسک (درد کم کرنے والی دوائیاں) اور اینٹی بایوٹکس سب سے زیادہ استعمال ہونے والی بغیر نسخے کی دوائیں ہیں۔
اتائی (جعلی ڈاکٹرز) اور بعض شعبوں، خاص طور پر ڈینٹسٹری میں بدعنوانی نے اینٹی بایوٹکس کے استعمال میں اضافہ کیا ہے، یہاں تک کہ اُن صورتوں میں بھی جہاں ان کی ضرورت نہیں ہوتی۔
دانت کا درد، جو عموماً پلپائٹس یعنی ڈینٹل پلپ کی سوجن کی وجہ سے ہوتا ہے، ایک ایسی حالت ہے جب دانت کا اعصابی حصہ متاثر ہوتا ہے اور یہ زیادہ تر دانتوں میں کیڑا لگنے (ڈینٹل کیریز) کی وجہ سے ہوتا ہے۔
پلپائٹس ایک سوزش والی حالت ہے، جو ضروری نہیں کہ انفیکشن کو ظاہر کرے۔ یہ حالت میکینیکل، کیمیکل یا تھرمل چوٹ کے نتیجے میں پیدا ہوسکتی ہے، یا یہ کیویز کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں، جب پلپ صرف سوجن کا شکار ہو، تو مسئلے کی اصل وجہ کو ختم کرنا کافی ہوتا ہے— اینٹی بایوٹکس کی ضرورت نہیں ہوتی۔
اینٹی بایوٹکس کے زیادہ استعمال سے کیا ہوتا ہے؟
اچانک اور مسلسل اینٹی بایوٹکس کا استعمال نہ صرف مضر بیکٹیریا کو مارتا ہے، بلکہ ہمارے جسم میں موجود فائدہ مند بیکٹیریا کو بھی ختم کردیتا ہے، جو ہمارے دفاعی نظام کا حصہ ہوتے ہیں۔
اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وقت کے ساتھ ہمارا مدافعتی نظام کمزور ہوجاتا ہے اور بیکٹیریا ان اینٹی بایوٹکس کے خلاف مزاحمت پیدا کرلیتے ہیں۔ اس صورت حال نے دنیا بھر میں اینٹی بایوٹک ریزسٹنس (مزاحمت) کو جنم دیا ہے، جو ایک خطرناک مسئلہ بن چکا ہے۔
اینٹی بایوٹک ریزسٹنس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث موجودہ دوائیوں سے کئی بیماریوں کا علاج مشکل ہوچکا ہے، جو عالمی سطح پر طبی اور دواسازی کے شعبے پر ایک بھاری بوجھ ہے۔
جب بھی آپ کو دانت میں درد یا کوئی اور تکلیف ہو، ہمیشہ کسی مستند ماہر سے مشورہ کریں۔
جب بھی کوئی ڈاکٹر آپ کو اینٹی بایوٹک تجویز کرے، اس کا مکمل اور درست استعمال ضرور کریں۔
جب تک ڈاکٹر کی تجویز کردہ تمام خوراک مکمل نہ ہوجائے، دوا لینا بند نہ کریں۔
یاد رکھیں، ہر درد انفیکشن کی وجہ سے نہیں ہوتا— اور ڈاکٹر کچھ وجوہ کی بنا پر ہی ہوتے ہیں۔

Dr Erabah IlyasHarmfulSELF MEDICATIONwithout a doctor’s prescription