کراچی: اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگر ساتھ کام کرنے والوں کو بھائی نہ کہا جائے تو اُن کا دماغ خراب ہوجاتا ہے۔
اداکارہ اُشنا شاہ کے ایک بیان کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں اور خاص طور پر خواتین صارفین اُشنا شاہ کے اس بیان پر اُن سے متفق نظر آتی ہیں۔
اداکارہ اُشنا شاہ نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ بھائی کیوں کہتی ہو، پیشہ ورانہ ماحول میں ہمیں بھائی کہنے کا شوق نہیں بلکہ ضرورت ہوتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر بھائی نہ کہیں تو بہت سے حضرات کا دماغ خراب ہوجاتا ہے۔
اُشنا نے مرد حضرات کو متوجہ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ لڑکی یا عورت کو کولیگ یا پیشہ ورانہ دوست کی حیثیت سے لیں تو بھائی بنانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل اشنا شاہ نے شوبز انڈسٹری کے راز سے پردہ اُٹھاتے ہوئے بتایا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں زیادہ تر لوگ فراڈیے اور بیشتر چیزیں حقیقت کے برعکس ہیں۔
اشنا شاہ اکثر سماجی اور شوبز سے جُڑے معاملات پر بے باک انداز اپناتی نظر آتی ہیں تاہم ان کے خیالات سے زیادہ تر مداح اتفاق کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔