کراچی: پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی مقبول اداکارہ اُشنا شاہ جلد پیا دیس سدھارنے والی ہیں۔
پچھلے دنوسوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اُشنا شاہ کو اپنی شادی کا جوڑا دیکھ کر خوشی میں جذباتی ہوکر روتا ہوا دکھایا گیا تھا۔
تاہم اب اداکار فہد مصطفیٰ نے اپنے شو میں انکشاف کیا کہ اُشنا شاہ اگلے دس دنوں میں شادی کرنے والی ہیں۔
اُشنا شاہ نجی ٹی وی پر فہد مصطفیٰ کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے کہا کہ اُشنا نے بہت لڑکوں کے دل توڑ دیے ہیں کیونکہ وہ اگلے دس دِنوں میں شادی کرنے والی ہیں۔
جس پر اداکارہ مسکرائیں مگر فہد مصطفیٰ کی جانب سے دی ہوئی شادی کی خبر کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم کئی دنوں سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اشنا شاہ بہت جلد اپنے منگیتر گالف چیمپئن حمزہ امین کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کرنے والی ہیں۔
خیال رہے کہ اشنا شاہ نے گزشتہ برس 22 دسمبر کو سوشل میڈیا پر حمزہ امین کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی منگنی کی خوشخبری سُنائی تھی۔