کاسمیٹک سرجری سے ڈرتی ہوں، اس سے چہرہ بگڑ گیا تھا، اُشنا شاہ

کراچی: اداکارہ اشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ کس طرح ایک کاسمیٹک سرجری کی وجہ سے ان کا چہرہ بگڑ گیا تھا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کاسمیٹک پروسیجرز پر بات کرتے ہوئے اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اب کاسمیٹک سرجری کروانے سے بہت ڈرتی ہیں کیونکہ ایک بار انہوں نے فلرز کروائے تھے جو چہرہ خراب ہونے پر نکلوانے پڑگئے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں نیند کے مسائل کا سامنا رہتا ہے جس کی وجہ سے ان کی آنکھوں کے گرد حلقے ہیں۔ ایک ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ فلرز سے یہ مسئلہ ٹھیک ہو سکتا ہے، اس لیے انہوں نے فلرز کروا لیے اور اس سے آنکھوں کے گرد موجود حلقے ختم بھی ہوگئے۔
اشنا نے مزید کہا کہ جب ان کے فلرز کچھ ماہ بعد ختم ہوئے تو ایک سیلون گئیں جہاں انہیں بیوٹیشن نے بتایا کہ یہ فلرز تو وہ بھی کردیتی ہے اور اداکارہ نے اس سے پھر سے فلرز کروالیے مگر اس سے فلرز کروانے کے بعد ان کی آنکھیں بُری طرح سوج گئیں۔
اُشنا کا کہنا تھا کہ ان کی آنکھیں اس قدر سوج گئیں کہ چہرہ ہی عجیب ہوگیا اور انہیں وہ فلرز فوری نکلوانے پڑے۔ اشنا شاہ نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سے وہ کسی بھی قسم کی کاسمیٹک سرجری سے ڈرتی ہیں۔

 

ActressBig RevealedCosmetic SurgeryUshna Shah