واشنگٹن: امریکی جنگلات میں لگنے والی آگ خاصی شدت اختیار کرچکی ہے، اس باعث 36 افراد اپنی زندگی سے محروم ہوگئے۔
ریاست ہُوائی کے ماوئی جنگلات میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے رقبے کو لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست ہُوائی کی کاؤنٹی ماوئی میں گزشتہ روز 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ آگ بجھانے کی تمام کاوشیں ناکام ثابت ہوئیں اور آگ تیزی سے پھیلتی ہی گئی۔
تیز ہوا نے آگ کے پھیلاؤ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ آگ قریبی قصبے لہینا تک پہنچ گئی، جس نے کئی رہائشی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قصبے کو خالی کرالیا گیا۔
جنگلات میں لگنے والی آگ میں آج مزید 30 افراد ہلاک ہوگئے، اس طرح 2 دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 36 ہوگئی۔ دھویں کے باعث درجنوں افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سیاحوں اور رہائشیوں کو جنگل کے قریب جانے سے روکا جارہا ہے اور ایک ہزار سے زائد افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کا مشن انجام دے رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی خوف ناک آگ کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں ہیں۔ ماحول دوست طرز زندگی کو اپناکر اور زہریلے مادوں کے کم سے کم استعمال سے ہم اپنی زمین کو ان ناگہانی آفات سے بچاسکتے ہیں۔