نیویارک: امریکا کی کانگریس نے ایشیائی نژاد شہریوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم سے متعلق قانون منظور کرلیا ہے۔
ایوان نمائندگان کانگریس میں کثرت رائے سے ایشیائی نژاد شہریوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم سے متعلق قانون منظور کرلیا گیا ہے۔ ‘کووڈ-19 نفرت انگیزجرائم قانون‘ کے حق میں دونوں سیاسی جماعتوں کے 364 اراکین نے ووٹ دیا جب کہ 62 اراکین نے اس کی مخالفت کی۔ قانون کا مقصد ایشیائی نژاد شہریوں کے خلاف تشدد کے واقعات کو روکنا ہے۔
اس بل کی حمایت امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے بھی کی گئی جب کہ ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ ایک سال کے دوران اے اے پی اے کے خلاف جانبدارانہ سلوک اور تشدد کے کم ازکم 6600 واقعات سامنے آئے ہیں۔
نینسی پلوسی نے بل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون ناصرف کورونا وبا کے دوران بلکہ آئندہ برسوں میں بھی امریکا میں نفرت انگیز جرائم سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا جب کہ اس قانون سے متعلق عوامی بیداری میں اضافہ بھی ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے ٹویٹر پر کہا کہ صدرجوبائیڈن اس بل کو قانون میں تبدیل کرنے کے منتظر ہیں جب کہ وہ رواں ہفتے ہی اس پر دستخط کردیں گے۔