کراچی: ڈرامہ انڈسٹری کی معروف جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس کا نام اُنہوں نے جہاں آرا سعید رکھا ہے۔
اپنے مداحوں کو خوشخبری سُنانے کے لیے عروہ حسین اور فرحان سعید نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا۔ جہاں اُنہوں نے اپنی ننھی پری کا ہاتھ تھامے ہوئے تصویر پوسٹ کی جب کہ ایک تصویر میں عروہ اور فرحان نے اپنی بیٹی کو گود میں اُٹھایا ہوا ہے۔
انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے عروہ حسین اور فرحان سعید نے بتایا کہ 3 جنوری 2024 کو اُن کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
عروہ حسین اور فرحان سعید نے کہا کہ خوشی، نعمت اور ہماری زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ اس دنیا میں آگیا ہے جس کا نام ہم نے جہاں آرا سعید رکھا ہے، یہ ہماری آنکھوں کا تارا ہے جسے ہم پیار سے آرا کہہ کر پکاریں گے۔
اس جوڑی نے اپنی ننھی پری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں کی ملکہ رہیں گی، آپ اپنی آمد سے ہمارے لیے ناقابل تصور خوشی لائی ہیں، آپ کی پیدائش کے ساتھ ہمارا بھی دوبارہ جنم ہوا ہے، ہم آپ کے لیے بہترین والدین بنیں گے۔
آخر میں عروہ حسین اور فرحان سعید نے بیٹی کی پیدائش پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی جہاں آرا سعید کے بہتر مستقبل، صحت و تندرستی اور اچھے نصیب کے لیے دُعا کی۔
خیال رہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید نے دسمبر 2016 میں شادی کی تھی جب کہ سال 2020 میں اس جوڑی کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
سال 2023 میں عیدالفطر کے موقع پر عروہ حسین اور فرحان سعید نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر پوسٹ کی تھیں، جس کے بعد اس جوڑی کی علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئی تھیں۔