کورونا خدشات، سندھ کی تمام جامعات 31 جولائی تک بند

کراچی: کورونا کیسز میں اضافے کے باعث محکمہ داخلہ سندھ نے تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کو 31 جولائی تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ملک بھر میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، خاص طور پر سندھ میں اس وبا نے پھر شدت اختیار کرنا شروع کردی ہے، وبا کی چوتھی لہر کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اموات بڑھ رہی ہیں۔


اس وجہ سے محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے کی تمام جامعات کو 31 جولائی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا کیسز بڑھنے پر سندھ میں کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد صوبے بھر میں پھر پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سمز بلاک ہوں گی، سندھ میں پیر سے تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس بند کرنے، شادی ہالز اور دیگر تقریبات پر پابندی ہوگی، کاروبارصبح 6 سے شام 6 تک کرنے کی اجازت، جمعہ اور اتوار کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا، دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی اجازت، کریانہ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی۔

4th wavesCovid 19Home dept Sindhnotificationuniversites closed