کیمبرج: ایک پوسٹ آفس نے نوکری کے لیے آفر دی ہے جس میں ملازم کی ذمے داری خطوط کو ترتیب دینا اور پینگوئینز کو گننا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹارکٹیکا میں موجود پینگوئن پوسٹ آفس کو خطوط چھانٹنے اور پینگوئن گننے کے لیے چار ماہ کی مدت کے لیے 3 ملازم درکار ہیں۔
یہ پوسٹ آفس برطانوی ادارے انٹارکٹک ہیریٹیج ٹرسٹ کے زیرِانتظام ہے جو گوڈیر جزیرے پر برطانیہ کے پورٹ لاکروئے میں واقع ہے۔
ادارے نے کہا کہ ملازمت کی مدت رواں سال نومبر سے مارچ 2025 تک ہوگی اور فرائض میں خطوط اور پوسٹ کارڈز کی چھانٹی، ڈاک ٹکٹ کی فروخت، ایک چھوٹی گفٹ شاپ کا انتظام اور پورٹ لاکروئے میں موجود پینگوئنز کی تعداد گننا ہے۔
ملازمت کے عہدوں میں بیس لیڈر، جنرل اسسٹنٹ اور شاپ منیجر شامل ہے۔ مزید برآں درخواست دہندگان کو برطانیہ کا شہری ہونا ضروری ہے جب کہ پانچ دوسرے لوگوں کے ساتھ ایک کمرے میں رہنے، کئی دنوں تک فون، انٹرنیٹ اور نل کے پانی کے بغیر رہ سکتا ہو۔
خیال رہے کہ پینگوئن پوسٹ آفس ہر سال 80,000 خطوط اور پوسٹ کارڈز کا انتظام سنبھالتا ہے جن میں سے زیادہ تر کو موسم گرما میں آئے سمندری جہازوں کے ذریعے بھیج دیا جاتا ہے۔