بیجنگ: چین کے سوشل میڈیا پر پچھلے ایک مہینے سے پالتو ہنس کے ایسے انڈوں کی تصویریں زیر گردش ہیں، جن کی زردی پیلے رنگ کے بجائے کالے رنگ کی ہے۔
یہ تصاویر اور ویڈیو، چینی سوشل میڈیا سائٹ ’’ویبو‘‘ پر ہانگژو شہر سے ’’ژُو‘‘ نامی ایک شخص نے شیئر کرائی ہیں۔
اپنی پوسٹ میں اس نے لکھا کہ یہ انڈے ایک سرمئی ہنس نے دیے ہیں جو اس کے ایک دوست نے اپنے ’’ہنس فارم‘‘ پر پال رکھی ہے۔ فارم پر موجود دوسرے ہنسوں کے انڈوں کی زردی پیلے رنگ ہی کی ہے۔ فی الحال کوئی نہیں جانتا کہ ان انڈوں میں زردی کی رنگت سیاہ کیوں ہے۔
البتہ اس بارے میں بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ شاید اس فارم کے قریب سیاہ شہتوت (تُوت سیاہ) کے بہت سارے پودے ہیں جہاں سے اس ہنس نے ایک ہی وقت میں درجنوں کالے شہتوت کھالیے ہوں گے، جن کی وجہ سے اس کے کچھ انڈوں کی زردی کا رنگ سیاہ ہوگیا ہے۔
سیاہ زردی کے علاوہ ان انڈوں میں اور کوئی چیز غیر معمولی نہیں۔ ان کا چھلکا بھی ہنس کے دوسرے انڈوں جیسا ہے جب کہ سفیدی اور خوشبو بھی بالکل درست ہے، یعنی یہ انڈے سڑے ہوئے بھی نہیں۔
یہ خبر اتنی حیرت انگیز تھی کہ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے ماہرین بھی اس میں دلچسپی لینے پر مجبور ہوگئے ہیں اور انہوں نے ژُو سے رابطہ کرلیا ہے تاکہ انڈوں کی زردی کالی ہونے کے راز سے پردہ اٹھاسکیں۔
اب تک کی خبریں یہ ہیں کہ چینی ماہرین، سیاہ زردی والے ان انڈوں کو لے جاچکے اور ان کا تجزیہ شروع کردیا ہے۔