کراچی: شہر قائد میں لیڈی پولیس اہلکار تیزاب گردی کا شکار بن گئی، گلزار ہجری میں نامعلوم ملزمان نے لیڈی پولیس کانسٹیبل اور اس کے بھائی پر تیزاب پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گلزار ہجری اسکیم 33 سہراب گوٹھ کے قریب پیش آیا جہاں سہراب گوٹھ تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات لیڈی پولیس کانسٹیبل 22 سالہ گل زارا عرف سارہ عثمان کو ان کا بڑا بھائی رضوان عثمان ڈیوٹی پر چھوڑنے کے لیے موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ جب وہ سہراب گوٹھ کے قریب پہنچے تو نامعلوم ملزمان نے ان پر تیزاب پھینک دیا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ تیزاب پھینکنے سے ان کے چہرے اور جسموں کے دیگر حصے متاثر ہوئے جب کہ دونوں زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں متاثرہ افراد واقعہ کے بارے میں صحیح طورپر کچھ بتانے سے گھبرا رہے ہیں۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔