اسلام آباد: یونیسیف نے 2023 کے اواخر میں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی نوید سنادی۔ یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا جارج لاریہ ایڈجی نے کہا ہے کہ پاکستان سے 2023 کے آخر تک پولیو وائرس کا خاتمہ ہوجائے گا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو پروگرام دوبارہ ٹریک پر آگیا ہے اور امید ہے کہ اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کے بعد 2023 کے آخر تک ملک سے اس بیماری کا خاتمہ ہوجائے گا۔
انہوں نے پولیو کے موجودہ اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ملک میں وائرس اب قابو میں ہے، ہم پاکستان میں پولیو کی شکست کے لیے تمام دستیاب وسائل اور خدمات استعمال کررہے ہیں۔
یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر نے 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام 2023 میں تمام پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے ٹریک پر آگیا ہے۔