عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں عمر شریف کی تدفین

کراچی: اداکار عمر شریف کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کردی گئی۔ اس سے قبل ان کی نماز جنازہ کلفٹن میں ادا کی گئی جس میں سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عمر شریف کی نماز جنازہ کلفٹن میں واقع انہی کے نام سے منسوب پارک میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی نے پڑھائی۔

نماز جنازہ میں عمر شریف کے اہل خانہ سمیت سیاست دانوں، اداکاروں، اُن کے دوستوں اور چاہنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پارک کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جب کہ پارک کے باہر بھی لوگوں نے نماز جنازہ ادا کی۔ نماز جنازہ کے بعد اُن کا جسد خاکی مزار عبداللہ شاہ غازی کی جانب روانہ کردیا گیا ہے، جہاں مزار کے احاطے میں ان کی تدفین ہوگی۔ قبل ازیں اُن کا جسدِ خاکی کلمہ شہادت کے ورد کے ساتھ ان کے گھر پہنچایا گیا۔ جسد خاکی کو قومی پرچم سے لپیٹا گیا ہے۔
کامیڈی کنگ عمر شریف کے جسدِ خاکی کے ہمراہ ان کے صاحبزادے موجود ہیں۔ رہائش گاہ پر عمر شریف کا آخری دیدار کیا گیا۔

کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت رہائش گاہ پہنچنے پر ان کے چاہنے والے آبدیدہ ہوگئے۔ عمر شریف کی نمازجنازہ سہ پہر 3 بجے سیلانی ویلفیئر کے علامہ بشیر فاروقی کی امامت میں عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم کو حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے مزار سے متصل قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
عمر شریف پارک میں نمازِ جنازہ کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں کے لیے پانی اور فرسٹ ایڈ کا انتظام کیا گیا ہے۔ جنازہ گاہ کے باہر اور اندر پانی پلانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ عمر شریف پارک کے ساتھ موبائل ویکسی نیشن اور فرسٹ ایڈ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ کامیڈی کنگ کی تجہیز و تکفین کی تمام ذمے داریاں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ انجام دے رہا ہے۔ پارک کے باہر جنازے میں شرکت کے لیے پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی جنوبی کے مطابق لیجنڈ اداکارعمر شریف کی نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ نماز جنازہ کے مقام عمر شریف پارک اور تدفین کے مقام درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر 200 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر پولیس کی جانب سے 2 ایس پیز اور 6 ایس ایچ اوز کو تعینات کیا گیا ہے۔ عمر شریف پارک کلفٹن سے عبداللہ شاہ غازی کے مزارتک کے روٹ پر بھی سیکیورٹی لگائی گئی ہے۔ نمازجنازہ کے مقام عمر شریف پارک اور تدفین کے مقام درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پرواک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ عمر شریف پارک اور درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے سے سوئپنگ بھی کرائی جائے گی۔

dead bodyfuneralHomeUmar sharif