کراچی: کامیڈی کنگ عمر شریف کو امریکا لے جانے والی ایئر ایمبولینس میں جرمنی میں خرابی پیدا ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے اُن کی امریکا روانگی تاخیر سے دوچار ہوگئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایئر ایمبولینس کے طور پر زیر استعمال طیارہ نائٹ لینڈنگ اور ٹیک آف نہیں کرسکتا، لہٰذا آگے کے سفر کے لیے جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں ایئر ایمبولینس طیارہ تبدیل کیا جارہا ہے۔
کامیڈی کنگ کے خاندانی ذرائع کے مطابق عمر شریف کی طبیعت بہتر ہے اور وہ نیورمبرگ کے مقامی اسپتال میں داخل ہیں۔
ایئر ایمبولینس کمپنی ذرائع کے مطابق اس فلائٹ کے لیے آپریٹ کیا جانے والا بمبارڈیئر چیلنجر 604 طیارہ جرمنی میں رجسٹرڈ ہے جو پرواز کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کی مین لائٹ میں پہلے سے ٹیکنیکل فالٹ ہے، جس کی بنیاد پر طیارے میں نائٹ لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولت عارضی طور پر دستیاب نہیں۔
یہ طیارہ اپنے ہوم کنٹری جرمنی میں ہے، اسی بنا پر اس ٹیکنیکل خرابی کو دُور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق خرابی دُور ہونے پر یہی طیارہ آگے سفر جاری رکھے گا یا پھر عمر شریف کو امریکا پہنچانے کے لیے کمپنی دوسرا طیارہ فراہم کرے گی۔ اسی وجہ سے عمر شریف کے سفر میں تعطل آیا ہے۔
کمپنی کی میڈیکل ٹیم کے مطابق عمر شریف جرمنی کے نیورمبرگ شہر کے مقامی اسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کی صحت اچھی ہے۔ عمر شریف کا بخار ختم ہوچکا اور تھکاوٹ بھی دور ہوگئی جب کہ بلڈ پریشر بھی نارمل ہے۔
ڈاکٹر کے مطابق وہ آگے کے سفر کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں۔ توقع ہے کہ عمر شریف جرمنی میں 24 گھنٹے قیام کے بعد آج شام تک نیورمبرگ ایئرپورٹ سے اپنی اگلی منزل آئس لینڈ کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
لگ بھگ 7 گھنٹے کے سفر کے بعد ایئر ایمبولینس آئس لینڈ کے کیفلاوک ایئر پورٹ پر رکے گی۔ طیارے کی ری فیولنگ ہوگی اور ممکنہ طور پر مریض کو ریسٹ کرایا جائے گا۔
ایئر ایمبولینس کمپنی ذرائع کے مطابق کیفلاوک سے آن کال انٹرنیشنل کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کینیڈا کے لیے روانگی کا فیصلہ عمر شریف کی صحت دیکھ کر کیا جائے گا۔
کینیڈا کے گوس بے ایئرپورٹ پر بھی طیارے کا 2 گھنٹے کا اسٹاپ اوور شیڈول ہے۔ اگلے اور آخری مرحلے میں پرواز حتمی منزل واشنگٹن ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔ ایئرایمبولینس سے عمرشریف کو امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
گزشتہ روز عمر شریف کو کراچی سے امریکا کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے روانہ کیا گیا تھا۔