لاہور: کرکٹر عمر اکمل کی طرف سے فکسنگ کیس میں سزا میں کمی کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق فکسنگ کیس میں عمر اکمل کی طرف سے سزا میں کمی کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ لاہور میں موجود نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں خودمختار ایڈجیوڈکیٹر جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر نے عمر اکمل کی اپیل پر کیس کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
عمر اکمل کے وکیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل کو دی جانے والی تین سال کی پابندی بہت زیادہ ہے اور اس کا جرم اتنا نہیں جتنی سزا سنائی گئی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔ اس موقع پر پی سی بی کے قانونی مشیر نے بات کرنے سے گریز کیا۔