ابوظہبی: یو اے ای میں کام کرنے والے ایک ڈرائیور نے لاٹری میں 20 ملین یو اے ای درہم جیت لیے جو 44 کروڑ بھارتی روپے بنتے ہیں۔
مقامی نیوز کے مطابق العین شہر میں کام کرنے والے بھارت سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور منور فیروز کو بگ ٹکٹ لائیو ڈرا کی 259 سیریز میں خوش قسمت فاتح قرار دیا گیا، جس میں انہوں نے 20 ملین یو اے ای درہم جیتے۔ بگ ٹکٹ ابوظہبی میں ای کامرس سروس ہے، جو ہر ماہ لکی ڈرا منعقد کرتی ہے۔
منور فیروز جو پچھلے پانچ سال سے ہر ماہ ٹکٹ خرید رہے ہیں، تاہم، وہ رقم کا واحد فاتح نہیں۔ وہ انعامی رقم ان 30 افراد میں بانٹیں گے جنہوں نے ٹکٹ کی خریداری میں تعاون کیا۔
منور فیروز نے بگ ٹکٹ کے منتظمین کو اپنی جیت کے حوالے سے بتایا کہ مجھے ابھی تک یقین نہیں آرہا کیونکہ ایسا ہونے کی توقع نہیں تھی۔ میں اب بھی حیران ہوں اور ان پیسوں کا کیا کروں، اس کے بارے میں سوچنے کے لیے کچھ وقت لگے گا۔