تائیوان: سمندری طوفان گیمی نے تائیوان میں بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں بپا کردیں۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان کے باعث تائیوان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، طوفانی بارشوں کے باعث تائیوان میں آج مسلسل دوسرے روز اسکول، دفاتر اور کاروبار بند جب کہ ٹرین سروس معطل ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان میں تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور قریباً 5 لاکھ گھروں کی بجلی منقطع ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان میں طوفان کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 3 افراد کی ہلاکت اور 266 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، متاثرہ علاقے سے 8000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تائیوان کے سمندر میں تنزانیہ کے پرچم والا کارگو جہاز ڈوب گیا، جہاز ڈوبنے سے عملے کے 9 افراد لاپتا ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
ادھر چین کے جانب بڑھنے والے طوفان کے باعث چین کے صوبوں فوجیان اور زیجیانگ میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، مقامی انتظامیہ نے شدید بارشوں کے باعث سیلاب کے الرٹ جاری کردیے ہیں اور فوجیان میں ٹرین سروس احتیاطاً بند کردی گئی ہے۔
تائیوان کے ساحل سے ٹکرانے سے قبل طوفان گیمی نے فلپائن میں بھی تباہی مچائی اور مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔
فلپائن کے سمندر میں بھی طوفان کے باعث 15 لاکھ لیٹر انڈسٹریل تیل رکھنے والا ٹینکر ڈوبنے سے تیل سمندر کی سطح پر پھیل گیا، ٹینکر پر موجود عملے کے 16 افراد کو بچالیا گیا جب کہ ایک لاپتا شخص کی تلاش جاری ہے۔