کراچی میں ٹرالر گردی کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق

کراچی: تیز رفتار ٹرالر نے عید کی خریداری کرکے گھر جانے والے دو سگے بھائیوں کو کچل ڈالا، جاں بحق دونوں بھائی میٹرک کے طالب علم تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک نےمزید دو زندگیوں کا چراغ بجھا دیا، کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 15 سالہ تابش اور 16 سالہ عاطف شامل ہیں، جاں بحق دونوں بھائی میٹرک کے طالب علم تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی عید کی خریداری کے لیے گھر سے نکلے تھے کہ فرنیچر مارکیٹ کے قریب ٹریلر کی زد میں آگئے۔
حادثے کے بعد ایک بھائی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اسپتال میں دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس نے لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

karachiKarimabadTraffic accidentTwo Brother Killed