سماجی رابطے کی مقبول ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنا نیا فیچر متعارف کروایا جو ویب سائٹ کے غلط استعمال اور ٹرولنگ کو روکنے میں مدد کرے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹویٹر کے نئے فیچر میں سیفٹی موڈ کا اضافہ کیا گیا ہے جو نفرت انگیز ریمارکس کرنے والوں کو سات دن کے لیے بلاک کر دے گا۔
رپوٹ کے مطابق صارفین کو ناپسندیدہ ٹویٹس سے نمٹنے کے لیے یہ فیچر ایک بار فعال ہونے کے بعد خود بخود کام کرے گا۔
ٹویٹر یوکے پبلک پالیسی کی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹویٹر پر لوگوں کی پرائیوسی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اور منفی کمنٹس کو کنٹرول کرنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے اور آئندہ بھی اس پر کام کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ٹوئٹر نے غلط معلومات کی روک تھام کے لیے فیچر متعارف کرایا تھا جس میں نئے فیچر”رپورٹ ٹویٹ”کا مقصد عالمی وبا کورونا اور دیگر اہم عالمی موضوعات اور معاملات سے متعلق غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سد باب کرنا تھا۔
ٹوئٹر کا کہنا تھا کہ غلط معلومات کی روک تھام کے لیے صارفین کے لیے رپورٹ ٹویٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو وسیع پیمانے پر درست معلومات فراہم کرنا تھا۔