کولمبو: پچھلے دنوں سری لنکا میں ایک ہتھنی نے دو بچوں کو جنم دیا ہے جو مکمل طور پر تندرست ہیں۔
گزشتہ دنوں پینا والا میں واقع ہاتھیوں کے سرکاری یتیم خانے میں 25 سالہ سورنگی نے چند گھنٹوں کے وقفے سے دو بچوں کو جنم دیا۔ دنیا میں آنکھ کھولنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بچے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوگئے، جن کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
خیال رہے کہ ہاتھیوں کا یہ مرکز پینا والا میں 1975 میں قائم کیا گیا تھا۔ سری لنکا میں جنگلی حیات کے افسران کے مطابق جڑواں ہاتھیوں کی پیدائش ایک نادر و نایاب واقعہ ہے۔ ان کے مطابق 80 برس بعد کسی ہتھنی نے جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔ تاہم یہ دونوں بچے نر ہاتھی ہیں۔
دونوں بچے پانچ گھنٹے کے وقفے سے اس دنیا میں آئے، ان کے والد کا نام پانڈو ہے جو خود ایک یتیم ہاتھی ہے۔ ماہرین کے مطابق ملک میں آخری مرتبہ جڑواں ہاتھیوں کی پیدائش 1941 میں ہوئی تھی۔ اس وقت سری لنکا میں 7500 ہاتھی موجود ہیں۔