لوساکا: زمبیا مین ٹی وی اینکر نے لائیو نشریات میں تنخواہ نہ ملنے کی شکایت کی اور تنخواہ کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افریقہ کے شہر زمبیا کے ایک ٹی وی اینکر نے خبرنامے کے دوران ہی اچانک اپنے اور ساتھیوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شکایت کر ڈالی۔ جس پر ادارے میں ہلچل مچ گئی۔
ٹی وی اینکر نے معمول کے مطابق خبرنامہ شروع کیا اور اس دوران ہی اچانک تنخواہ کی عدم ادائیگی کر ذکر کر ڈالا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اور اس کے ساتھی بغیر اجرت کے کام کر رہے ہیں اور انہیں تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے اور انہوں نے تنخواہوں کی ادائیگی کا اصرار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی انسان ہیں اور ہمیں تنخواہ ملنی چاہے۔ بدقسمتی سے مجھے اور میرے ساتھیوں کو تنخواہ ادا نہیں کی جا رہی۔
اینکر کی شکایت کے فوری بعد خبرنامہ منقطع کر دیا گیا اور پروڈیوسر نے ٹی وی پر ٹریلر چلا دیے۔
ٹی وی چینل کی جانب سے کہا گیا کہ اینکر نشے میں تھا اور اس بات کی تحقیق کی جا رہی ہے کہ نشے کی حالت میں اینکر کو کیسے خبریں پڑھنے کی اجازت دی گئی۔
دوسری جانب مذکورہ اینکر کا کہنا تھا کہ وہ نشے کی حالت میں نہیں تھے اس سے قبل وہ خبریں پڑھ ہی رہے تھے اور ادارے کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر انہوں نے تنخواہ نہ ملنے کی شکایت کر ڈالی۔
انہوں نے اپنی ویڈیو فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہاں میں نے یہ کام براہ راست ٹی وی پر کیا ہے جبکہ صحافی اپنے ادارے سے متعلق بات کرتے ہوئے گھبراتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ صحافی بول نہیں سکتے۔
ٹی وی چینل کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ مجھے حیرت ہے نشے میں دھت ایک اینکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جبکہ ہمارے ادارے میں شکایت کرنے کا بہتر طریقہ کار موجود ہے جس کے ذریعے وہ اپنی شکایت ریکارڈ کراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نشے کی حالت میں اینکر کو اسکرین کے سامنے بٹھانے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جو بھی اس تمام معاملے میں ملوث ہوا اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی