انقرہ: ترکیہ (پرانا نام ترکی) کے شہری نے پوری دُنیا کو انگشت بدنداں ہونے پر مجبور کردیا، کیوں کہ اُس کے پیٹ سے سکوں سمیت 233مختلف اشیاء ڈاکٹروں نے آپریشن کے دوران نکالی ہیں ان چیزوں میں بیٹریاں، شیشے کے ٹکڑے اور ناخن تک شامل ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ ترکی کے شہر ایپی کیولو میں پیش آیا جہاں شدید تکلیف میں مبتلا مریض کی ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ رپورٹ سامنے آئی، جس میں مریض کے پیٹ میں 233 سکے، بیٹریاں اور کئی دیگر چیزیں موجود تھیں۔
شہری برحان دومیر اپنے چھوٹے بھائی کے پیٹ میں شدید درد ہونے کی صورت میں اسپتال لیکر پہنچے تھے، جن کی میڈیکل رپورٹ دیکھ کر ڈاکٹر اور اہل خانہ دنگ رہ گئے۔
ڈاکٹروں نے کئی گھنٹوں تک آپریشن کے بعد 35 سالہ شخص کے پیٹ سے 233 اشیاء نکالی ہیں جس میں 1 لیرا کے سکے، بیٹریاں، ناخن، مقناطیس، شیشے کے ٹکڑے، پتھر اور اسکرو شامل ہیں۔