اسلام آباد: پاکستان کے امن کا شدید دشمن اور انتہائی مطلوب ٹی ٹی پی کا دہشت گرد محمد خراسانی افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران مارا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کو انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہوگیا، اطلاعات ہیں کہ اسے افغان صوبے ننگرہار میں مارا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دہشت گرد خراسانی تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان تھا جس کا اصلی نام خالد بلتی تھا۔ وہ میرانشاہ میں دہشت گردی کا مرکز چلا رہا تھا، آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے بعد افغانستان بھاگ گیا تھا اور شاہد اللہ شاہد کے بعد ٹی ٹی پی کا ترجمان بنا۔
دہشت گرد خراسانی پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں ،کارروائیوں اور ٹی ٹی پی کے مختلف دھڑوں کو متحد کرنے میں مصروف تھا۔
مزید اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ خراسانی تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ مفتی نور ولی محسود کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اس نے حال ہی میں پاکستان کے اندر مختلف کارروائیوں کا اشارہ بھی دیا تھا۔