امریکی صدر ایران میں اپنی فتح کا اعلان کرکے جنگ ختم کریں، مشیر کا مشورہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی مشیر نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف کارروائی کو کامیاب قرار دے کر جنگ ختم کرے اور وہاں سے نکل جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ٹیک اور اے آئی مشیر ڈیوڈ سیکس نے ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ امریکا کو فتح کا اعلان کرکے ایران سے نکل جانا چاہیے۔
ڈیوڈ سیکس کا کہنا تھا کہ جنگ کو مزید بڑھانا تباہ کن نتائج پیدا کرسکتا ہے اور امریکا کو ایک لمبی جنگ میں پھنسا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ ایران جنگ کو لے کر وائٹ ہاؤس میں اختلاف پایا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت کے اندر اس جنگ کے بارے میں دو مختلف رائے موجود ہیں۔ کچھ حکام چاہتے ہیں کہ فوجی کارروائی جاری رکھی جائے، تاکہ ایران کی فوجی صلاحیت مکمل طور پر ختم ہوجائے۔
کچھ مشیر کہتے ہیں کہ امریکا اپنے اہداف حاصل کرچکا ہے، اس لیے اب جنگ ختم کردینی چاہیے۔
تاہم ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ اس جنگ کا اختتام اسی وقت ہوگا جب انہیں مناسب لگے گا۔