واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن کی جانب سے ٹرمپ کے حامیوں کو کچرا قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق صدر گاربیج ٹرک (کچرا اٹھانے والی گاڑی) پر بیٹھ گئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ سبز اور نارنجی رنگ کی ہلکی جیکٹ (جو کچرا اٹھانے والے پہنتے ہیں) پہنے ایک کچرا اٹھانے والے ٹرک کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ہیں۔
ٹرمپ آج اپنی انتخابی مہم کے لیے امریکی ریاست ونکونسن پہنچے تھے اور بوئنگ طیارے سے اترنے کے بعد وہ سیدھا ایک کچرا اٹھانے والے ٹرک میں جابیٹھے جو ان کے انتظار میں تھا جب کہ بعدازاں انہوں نے کچرا اٹھانے والے ملازمین کی مخصوص جیکٹ پہن کر ریلی سے خطاب بھی کیا۔
سابق امریکی صدر نے کچرا ٹرک میں بیٹھے ہوئے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ بائیڈن اور کملا ہیرس کے اعزاز میں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ کو ناکام ترین شخص اور ان کے سپورٹرز کو کچرا قرار دیا تھا تاہم کملا ہیرس نے جوبائیڈن کے بیان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا، وہ کامیابی حاصل کرکے تمام امریکیوں کی نمائندگی کریں گی۔
کملا ہیرس نے کہا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کس نے انہیں ووٹ دیا اور کس نے نہیں۔